رام اللہ(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوجی کو تھپڑ رسید کرنے کی پاداش میں سزا بھگتنے والی بہادر فلسطینی لڑکی احد تمیمی نے آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ 17 سالہ نڈراحدتمیمی نے جیل سے رہائی کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک جدو جہد جاری رہے گی۔ اسرائیلی جیلوں میں قید خواتین کے عزم و حوصلے بلند ہیں جس کی ایک مثال میں خود ہوں۔ تمیمی نے کہا کہ وہ یونیورسٹی میں قانون کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد دنیا کے ہر فورم پر فلسطین کا مسئلہ اجاگر کریں گی۔عہد نے کہا کہ جیل میں قید کے دوران میں نے اپنے وطن کا پیغام بہترین انداز میں پیش کرنا سیکھا ہے۔بعد ازاں عہد تمیمی نے والدین کے ہمراہ فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ فلسطینی صدر نے عہد تمیمی کو جیل سے رہائی پر مبارک باد دی۔