کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ایک بار پھر تالا توڑ گروپ سرگرم ہو گیا، 2 روز کے دوران گلستان جوہر اور منگھوپیر میں ملزمان دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لے اڑے،دکانداروں نے پولیس کے خلاف احتجاج شروع کردیا۔ منگھوپیر گرم چشمہ کے قریب اتوار کی رات تالا توڑ گروپ کے کارندے اسٹیشنری اور بک اسٹال کی دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ پیر کی صبح جب متاثرہ دکانوں کے مالک دکان کھولنے کیلئے پہنچے تو دکان کے تالے کھلے دیکھے، جس پر وہاں موجود دیگر دکاندار بھی جمع ہوگئے، مشتعل دکانداروں نے پولیس کے خلاف احتجاج شروع کردیا، اور نعرے بازی کی۔ احتجاج کرنے والے دکانداروں کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے علاقے میں گشت نہ ہونے کے برابر ہے ،جبکہ رات ہوتے ہی پولیس کی موبائلیں صرف تھانے تک محدود ہوجاتی ہیں، جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد پورے علاقے میں دندناتے پھرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے شہریوں کو کوئی سیکورٹی فراہم نہیں کی جارہی ،یہی وجہ ہے کہ تالا توڑ گروپ کے کارندے دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے کر بآسانی فرار ہوگئے، تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تاجروں کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کے بعد پرامن طور پر منتشر کردیا۔ گلستان جوہر کے علاقے میں بھی اتوار کی صبح تالا توڑ گروپ کے کارندے 2دکانوں کے تالے توڑ کر دکانوں میں رکھی لاکھوں روپے مالیت کی نقدی اور دیگر قیمتی سامان لے کر بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح دیکھا جاسکتاہے کہ کس طرح 2 ملزمان دکانوں کے تالے توڑ کر دکانوں کا صفایا کرکے بآسانی فرار ہوگئے، تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد بھی پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام ہے۔