گزری میں جج کی گاڑی چھن گئی – پولیس کی دوڑیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گذری میں مسلح ملزمان جج کی گاڑی چھین کر فرار ہو گئے، جس پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔آئی جی نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی- اے سی ایل سی نے کالا پل کے قریب 2 کار لفٹر دھر کر ان سے ایمبولینس سمیت 5 مسروقہ گاڑیاں برآمد کر لیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیفنس کے علاقے گذری میں نامعلوم ملزمان ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر زاہدہ پروین کی گاڑی چھین کر فرار ہوگئے، جس کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں۔ ایس ایس پی اے سی ایل سی نے بتایا کہ3مسلح ملزمان سلور رنگ کی کار میں آئے اور گاڑی چھین کر فرار ہو گئے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب اینٹی کار لفٹنگ سیل نے کالا پل نیشنل اسپتال کے قریب سی ویو سے کاریں چوری کرنے والے 3رکنی گروہ کے 2کارندوں کو گرفتار کر کے ان سے ایمبولینس سمیت5مسروقہ گاڑیاں برآمد کرلیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان رمضان اور شاہ زیب اسلم خاص طور پر بولان ،مہران اور کلٹس کاریں چوری کرتے ہیں، ملزمان چیسسز نمبر کی پوری پٹی جعلی نمبر پنچ کر کے تبدیل کر دیتے ہیں، ملزمان نے رواں سال 15سے زائد کاریں چوری کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment