کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان کے سب سے بڑے مائیکرو فنانس بینک، خوشحالی مائیکروفنانس بینک نے الائیڈ سولر کے ساتھ شراکتی معاہدے پر دستخط کردیئے۔ معاہدے کے تحت خوشحالی بینک اپنے صارفین کیلئے سولر ہوم سسٹم اور سولر لائٹنگ کا حصول آسان اقساط پر ممکن بنائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر خوشحالی بینک غالب نشتر نے کہا کہ خوشحالی مائیکرو فنانس بینک اور الائیڈ سولر (پاکستان میں D.Light پارٹنر) پسماندہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے توانائی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ اس اقدام سے ان کی زندگی پر مثبت اثر پڑے گا۔ اسٹریٹجک اتحاد قابل تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دے گا اور بینک کے صارفین کیلئے عالمی معیار کے مطابق بنائے گئے قابل تجدید توانائی کی مصنوعات تک رسائی حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرے گا۔ ابتدائی طور پر یہ سروس گلگت، ہنزہ، خضر، لودھراں اور سکھر میں شروع کی جائے گی۔