کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مالی بدعنوانیوں، سنگین بحران کے شکار پی آئی اے میں 10 ماہ کے دوران 48 ارب 30 کروڑ روپے کے خسارے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن میں حکمران جماعتوں سے وابستہ افسران کی شاہ خرچیوں، بدانتظامیوں اور کبھی جیالوں تو کبھی متوالوں کی فوج، ظفر موج کی بھرتیوں کی وجہ سے دنیا کی بہترین ایئرلائن آج تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی آمدنی میں کمی اور مالی اخراجات میں بے پناہ اضافہ، روپے کی بے قدری اور ایندھن کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود قومی ایئرلائن پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جبکہ اسٹاف اور افسران کے بے پناہ اخراجات، کرپشن اور بدانتظامی کی وجہ سے ملک کا اہم قومی ادارہ آج بربادی کا شکار ہوچکا ہے۔ جبکہ پی آئی اے میں جیالوں اور متوالوں کو بھرتی کرنے، انتظامی عہدوں پر تعینات کرکے اپنوں کو نوازنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ اسٹیل ملز کی طرح پی آئی اے کو ناکام کرنے کیلئے عالمی اداروں اور حکومتوں میں موجود سرمایہ دار لابی ہمیشہ سرگرم رہی ہے۔