13ویںسندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کی تیاریاں شروع

کراچی (رپورٹ:نواز بھٹو)13ویں سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئیں ، رواں ہفتے نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے اسمبلی کا دورہ کرکے افتتاحی اجلاس اور قواعد و ضوابط کی کتابوں کی اشاعت سے متعلق اسمبلی حکام کو احکامات جاری کئے ۔سیکریٹری اسمبلی کےمطابق افتتاحی اجلاس کی تیاریاں دو روز میں مکمل کر لی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق اسمبلی ہال کی صفائی تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری سے قبل ہی ان کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی نوٹیفکیشن بھی جاری ہو جائے گا۔ گذشتہ روز اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے افتتاحی اجلاس سے متعلق امور کے جائزے کے لئے اسمبلی حکام سے بریفنگ لی۔جس کے بعد اسپیکر نے اسمبلی ہال اور مختلف حصوں کا دورہ کیا۔انہوں نے اسمبلی حکام سے کہا کہ پہلی مرتبہ منتخب ہونے والے اراکین کی رہنمائی کے لئے اقدامات کئے جائیں جبکہ فوری طور پر اسمبلی قواعد و ضوابط کی کتاب تین زبانوں سندھی ، اردو اور انگریزی میں چھپوائی جائے اور اراکین کے لئے آئین کی فراہمی کے بھی انتظامات کئے جائیں۔ اجلاس کے بعد ازاں اسپیکر نے ’’امت ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحفظات کے باوجود ہم اسمبلیوں میں جا کر اپنا جمہوری کردار ادا کریں گے۔ سندھ میں حکومت بنانا پیپلز پارٹی کا حق ہے اور اکثریت حاصل ہے جس کے لئے ہمیں کسی اتحادی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا متحدہ سے اتحاد سے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اچھی بات ہے جیسے بھی ہوئے الیکشن ہوگئے اور جمہوریت کا تسلسل جاری رہنا چاہئے ،قومی اسمبلی میں بھر پور اپوزیشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسپیکر کے لئے امیدوار نہیں ہیں البتہ جو بھی ہوگا اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی ۔ سیکریٹری سندھ اسمبلی عمر فاروق برڑو نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے انعقاد کے بعد 10 دن کے اندر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا پابند ہے توقع ہے کہ رواں ہفتے نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا اور اس کے ساتھ ہی افتتاحی اجلاس کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

Comments (0)
Add Comment