اسلام آباد(امت نیوز) پاک فوج کے جانباز پائلٹوں نے نہایت جانفشانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں بیافو گلیشیئر کی 20 ہزار 650 فٹ بلند لاتوک چوٹی پر پھنسے روسی کوہ پیما الیگزینڈر بوکوف کو بچا لیا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق روسی کوہ پیما الیگزینڈر بوکوف کو ضروری طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ سکردو منتقل کر دیاگیا ہے ۔ روسی کوہ پیما کو بچانے کے لئے پاکستان آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے انتہائی شدید موسمی حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ریسکیوآپریشن کیا۔ روسی کوہ پیما 25جولائی سے لاتوک کی چوٹی پر پھنسا ہوا تھا اور تین دن سے اسے سپلائی بند تھی۔ پاک فوج نے اسے بچانے کے لئے 26 سے 30 جولائی کے دوران ریسکیو کی 7کوششیں کی گئیں۔