اسٹیل مل میں انصاف لیبر یونین کو نوازنے کی تیاری

کراچی (رپوٍرٹ : ایس ایم انوار)3 برس سے بند پاکستان اسٹیل مل میں تحریک انصاف کی حمایت یافتہ سی بی اےانصاف لیبر یونین کو پونے 17 لاکھ روپے کے یونین چندے سے نوازنے کی تیاری مکمل کر لی گئی۔ حکام نے ورکروں کی تنخواہ سے3 ماہ کا یونین فنڈ یکمشت کاٹنے کی منظوری دے دی ،جبکہ اس سلسلے میںCBA) SUBSCRIDTION OF UNION FUND کے عنوان سے ایک لیٹر نمبر NO.PS/IRD/CBA (LL.F-1) 18/395 انچارج پے رول کو بھی جاری کیا جا چکا ہے۔ چندے کی کٹوتیاں ادارے کے 5615 ورکروں کو آئندہ ملنے والی تنخواہ سے کی جائیں گی۔ ذریعے کے مطابق سی بی اے انصاف یونین نے ورکر لسٹ لے کر 5 ہزار 615 فارم خود ہی بھر لئے تھے ۔ان فارموں میں 1186 ایسے ورکروں کے نام بھی شامل ہیں، جن کا تعلق مخالف ٹریڈ یونینوں سے ہے۔ ان میں سابقہ سی بی اے پیپلز ورکر یونین کے کئی رجسٹرڈ عہدیدار بھی شامل ہیں ،جن کا یونین فنڈ غیر قانونی طور پر کاٹا جا رہا ہے ،جبکہ وہ اس سلسلے میں اپنا اعتراض انچارج آئی آر عبدالمنان بھٹی کو لکھ کر دے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ مروجہ انڈسٹریل ریلیشن ایکٹ IRA-2012 کی کلاز 22 کے تحت سی بی اے صرف چیک آف سسٹم کے مطابق ہی صرف اپنے ممبرز کی تنخواہ سے ماہانہ چندہ کٹوتی کی درخواست دے سکتی ہے ،وہ بھی جب ممبر خود اس کی تحریری درخواست دے، مگر قوانین کے برخلاف 5615 وکروں کی تنخواہ سے فی کس 100 روپے ماہانہ کے حساب سے تین ماہ کے یکمشت 16 لاکھ 84 ہزار 500 روپے جبری کاٹے جا رہے ہیں، جبکہ ادارے میں سی بی اے انصاف یونین کے ممبرز کی تعداد ایک ہزار سے بھی کم ہے۔ یاد رہے کہ اسٹیل مل کے 12 اپریل 2017 کے ریفرنڈم میں انصاف لیبر یونین نے 6 دیگر ٹریڈ یونینوں سے مل کر حصہ لیا تھا ،جس میں انہیں 4200 ووٹ پڑے تھے اور اس میں ان کے اپنے ووٹوں کی تعداد نصف سے بھی کم تھی۔ یاد رہے کہ انتظامیہ نے مالی بحران کو جواز بنا کر سابقہ سی بی اے کے 11 ماہ کے یونین فنڈز جو کہ 65 لاکھ سے زائد ہیں ،اب تک ادا نہیں کئے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment