لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں علیم خان اور چوہدری برادران کو نیب نے طلب کر لیا۔ تحریک انصاف کے رہنما 8اگست جبکہ چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی 16 اگست کو قومی احتساب بیورو لاہور میں پیش ہوں گے۔علیم خان کی جمع کرائی گئی دستاویزات حکام کو مطمئن نہیں کرسکیں جبکہ نیب کسیز کے باعث ان کا وزیر اعلیٰ پنجاب کی دوڑ سے بھی باہر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق علیم خان کے وکیل نے نیب میں پیش ہو کر اثاثوں کے حوالے سے دستاویزات جمع کروائی تھیں۔ نیب حکام ان دستاویزات کی روشنی میں اثاثوں کے حوالے سے مطمئن نہیں جو آمدن سے زائد ہیں ۔ واضح رہے کہ الیکشن 2018کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کے جانب سے حکومت تشکیل دینے کے سلسلے میں علیم خان کا نام وزیر اعلیٰ کے امیدواروں میں لیا جا رہا ہے ۔ ایسے میں نیب کی جانب سے کوئی انتہائی اقدام کیا جاتا ہے تو علیم خان سمیت تحریک انصاف کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔دوسری جانب مسلم لیگ(ق) کے رہنماؤں چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کو بھی نیب لاہور نے 16 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔