میرپور خاص (بیورو رپورٹ) میر پور خاص میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والا جیتنے والے امیدوار کے زیر عتاب آ گیا۔ پہلاج کوہلی کو طارق تالپور نے سنگین نتائج بھگتنے اور مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔ جبکہ رشتے داروں سمیت گوٹھ بھی خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 50سے آذاد حیثیت سے جنرل سیٹ پر الیکشن لڑنے والے اقلیتی امیدوار پہلاج کولہی نے میرپورخاص پر یس کلب میں پر یس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سابقہ دور حکومت میں ہمارے گاؤں او ر برادری کے افراد کو بری طرح سے نظر انداز کیا جاتا رہا نہ ہمیں بنیادی سہولیات فراہم کی گئی اور نہ ہی سرکاری ملازمتیں دی گئی اس لےے ہماری کولہی برادری نے عام انتخابات میں اپنا امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیاجسکے بعد سے ہمیں الیکشن میں پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے کے لےے دباؤ ڈالا گیا لیکن ہم نے صاف انکار کر دیا تھا اور پولنگ کے روز میں نے 3184ووٹ لے کر حلقہ میں تیسری پوزیشن حاصل کی جس کے بعد سے پیپلزپارٹی کے کامیاب امیدوار اکے بااثر افراد عبدالخالق لاشاری اور حزب اللہ لاشاری سمیت دیگر لوگ ہمیں گاؤں خالی کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس گاؤں میں ہمارے 90سے زائد گھر اور دُکانیں ہیں اور یہ زمین ہماری اپنی خرید ی ہوئی ہے او ر ہم اس زمین پر عرصہ داراز سے آباد ہیں انہوں نے کہا کہ الیکشن میں حصہ لینا ہمار ا جمہوری حق ہے اس لےے ہم نے الیکشن میں حصہ لیا لیکن مخالفین ہماری جان کے دشمن بن چکے ہیں اور اب ہمیں جھوٹے مقدمات سمیت سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں اس سلسلے میں ہم نے ایس ایس پی میرپورخاص کو تحریری درخواست بھی دی ہے۔