کراچی(اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ نے مارٹن کوارٹرز سمیت دیگر سرکاری مکانات خالی کرانے سے متعلق کوارٹرز کے انخلا کے خلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے پاکستان کوارٹرز اور پاکستان سیکریٹریٹ کے مکینوں کا معاملہ اسٹیٹ آفیسر کو 10دن میں نمٹانے اور ریٹائرڈ ملازمین اور دیگر غیر قانونی طور مقیم افراد سے کوارٹرز خالی کرانے کا حکم دیدیا۔ دوران سماعت جسٹس مشیر عالم نے ریماکس دیئے کوئی 100 سال سے بھی رہ رہا ہو، تو اس کا قبضہ قانونی نہیں ہوجائے گا۔منگل کے روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو مارٹن کوارٹرز سمیت دیگر سرکاری مکانات خالی کرانے سے متعلق سماعت ہوئی۔ عدالت کے روبرو ڈپٹی اٹارنی جنرل نے رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں4ہزار ایک سو 68سرکاری کوارٹرز پر قبضہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مارٹن کوارٹرز میں 639اور پٹیل پاڑہ میں 301مکانون پر قبضہ ہے۔ گارڈن اور پاکستان کوارٹرز میں 49مکانوں پر قبضہ ہے۔ باتھ آئی لینڈ سے قبضہ ختم کرالیا گیا ہے۔ مکینوں کو حتمی نوٹسز جاری کرکے اشتہارات بھی شائع کرادیئے گئے۔ دوسری جانب سرکاری کوراٹرز کے رہائشیوں نے سپریم کورٹ رجسٹری کے باہر احتجاج کیا۔
٭٭٭٭٭
کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین ایم شیخ کی سربراہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے گلستان جوہر میں ایم کیوایم رہنماؤں کی ایما پر 296پلاٹوں کی چائنا کٹنگ میں ملوث ملزمان کے وکلا سے 13اگست تک دلائل طلب کرلیئے۔ منگل کو جسٹس خادم حسین ایم شیخ کی سربراہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کے روبرو ریفرنس میں نامزد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن(کے ایم سی) کے افسران خدا بخش سومرو،سیدعاطف حسین نقوی، سید رضوان احمد، مشتاق احمد ، شیخ فرید ،فیروز بنگالی، فہیم، ادریس، ناصر کاظمی سمیت 21ملزمان کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ ملزمان کے وکلا کی عدم حاضری پر عدالت برہم ہوگئی۔ عدالت نے ریماکس دیئے دیگر ملزمان کے وکلا پیش ہوں گے تو سماعت کی جائے گی۔