7 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل ۔بہنوئی ۔چچا زیر حراست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھٹائی آباد میں سفاک ملزمان نے زیادتی کے بعد 7 سالہ بچی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا، پولیس نے مقتولہ کے چچا اور بہنوئی کو حراست میں لے لیا جب کہ پوسٹمارٹم رپورٹ میں مقتولہ پر تشدد اور زیادتی کی تصدیق ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق بھٹائی آباد میں چچا کے گھر پر آنے والی 7سالہ کائنات دختر سید حسین بچی پراسرار طور پر ہلاک ہوگئی۔ ایس ایچ او علی رضا لغاری نے ”امت“ کو بتایا کہ مقتولہ کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔مقتولہ پیر کی شام کو اپنے چچا الطاف شاہ کے گھر بھٹائی آباد گئی تھی جہاں پراسرار طور پر ہلاک ہوگئی تھی تاہم پولیس نے مقتولہ کے چچا الطاف شاہ اور بہنوئی عارف شاہ کو حراست میں لے کر واقعہ کے حوالے سے تفتیش شروع کردی ہے، دوسری طرف جناح اسپتال کی ایم ایل او ڈاکٹر ذکیہ خورشید کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کائنات کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ بچی کو گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے، ایم ایل او کے مطابق کمسن بچی پر ایک ماہ سے زائد عرصے سے کسی بھاری چیز سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔جبکہ اس کے جسم پر سگریٹ سے داغے جانے کے نشانات موجود ہیں ۔ پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثاءکے حوالے کرکے مقتولہ کے چچا اور بہنوئی سے تفتیش شروع کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment