اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں سے بیانات دلوا کر عمران خان کی حکومت بننے سے قبل 20کروڑ کے فنڈز جاری کروانے کی کوششیں تیز کر دیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک میں ہاکی زوال کا شکار ہے اور فیڈریشن قومی کھیل کو خطیر فنڈز ملنے کے باوجود درست سمت میں گامزن کرنے میں ناکام رہی ۔ دستیاب دستاویز کے مطابق نواز شریف کے دور حکومت میں گزشتہ تین سالوں کے دوران وزیر اعظم کے خصوصی ڈائریکٹو پر ہاکی فیڈریشن کو 37کروڑ13لاکھ کی خصوصی گرانٹ جاری ہوئی ، مالی سال 2015-16میں 11کروڑ80لاکھ کے فنڈز جاری ہوئے ، سال 2016-17میں 26کروڑ45، لاکھ ، 2017-18میں 93لاکھ کے فنڈز جاری ہوئے جبکہ سال 2014-15میں 2کروڑ61لاکھ کے فنڈز جاری ہوئے ۔