تحریک لبیک احتجاج ریلی تک محدود رکھنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک لبیک نے دھاندلی کے خلاف دھرنے کو احتجاجی ریلی تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک لبیک کے ترجمان صاحبزادہ پیر اعجازاشرفی کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 میں تاریخی دھاندلی کے خلاف دھرنا نہیں 6 اگست کو ریلی نکالی جائے گی۔ پیر کے روز دوپہر 2بجے داتا دربارتحریک لبیک پاکستان کی تمام ضلعی ڈویژنل ٹاؤن کی تنظیمات قافلوں کی صورت میں بھرپور شرکت کریں گی،جس کی قیادت سربراہ تحریک لبیک علامہ خادم حسین رضوی و دیگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے لاکھوں غیور پاکستانیوں نے علامہ خادم حسین رضوی کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو فارم45 دئیے بغیر پولنگ بوتھوں سے زبردستی نکالنا اور پریزائیڈنگ آفیسروں کا دھمکیاں دینا یہ غیر شفاف الیکشن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پہلے مرحلے میں احتجاجی ریلی نکال رہے ہیں جس کا مقصد ان قوتوں کو پیغام پہنچانا ہے جنہوں نے ہمیں الیکشن سے باہر رکھاہے کہ ہم کسی بھی وقت کہیں بھی اسی وقت کے ساتھ فیض آباد کا منظر دہرا سکتے ہیں اس کے بعد 14اگست کو ملک بھر میں دوبارہ ریلیاں نکالی جائیں گی۔

Comments (0)
Add Comment