جوزجان میں طالبان حملوں کے دوران 153داعش جنگجوہلاک

پشاور(نمائندہ خصوصی) افغانستان کے صوبہ جوزجان میں طالبان کی کارروائیوں میں داعش کے 153جنگجوہلاک جبکہ 100سے زائد زخمی ہوگئے۔ 134جنگجوئوں کو طالبان نے گرفتار کرلیا۔ داعش جنگجووں کوبچانے کیلئے امریکی طیارے اور ہیلی کاپٹر طالبان کی پیش قدمی نہ روک سکے ۔تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کے خصوصی دستوں نے صوبہ جوزجان ضلع درزآب میں داعش جنگجووٴں پر حملہ کیا۔ گذشتہ کئی دنوں سے جوزجان، سرپل اور فاریاب صوبوں کے طالبان کے خصوصی دستوں نے 3 اطراف سے صوبہ جوزجان ضلع درزآب کے مربوطہ علاقوں میں داعش کے خلاف محتاط کارروائی کا آغاز کیا اور داعش کے ہیڈکوارٹر سردرہ اور آخری ٹھکانے مغل سمیت تمام علاقوں سے یکے بعدیگرے داعش اور اغواء کاروں کا مکمل صفایا کر دیا ۔اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران 153داعش جنگجوہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے اور 134 کو طالبان نے گرفتار کر لیا۔ داعش گروہ کے سرغنہ حبیب الرحمن رہبر، مفتی نعمت اور ملا صبغت اللہ نے 152 اہلکاروں کے ہمراہ کابل انتظامیہ کے پاس پناہ لے لی اور کابل انتظامیہ کے انٹیلی جنس حکام نے داعش نوازی کی بنیاد پر انہیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بچایا۔واضح رہے کہ آپریشن کے دوران داعش کے جنگجووں کوبچانے کیلئے امریکی جیٹ طیاروں اور ہیلی کاپٹروں نے کئی بار طالبان کو نشانہ بناکر ان کی پیش قدمی روکنے کی کوشش کی تاہم انہیں طالبان کے حملوں سے نہ بچاسکے۔طالبان نے کافی مقدار میں اسلحہ وغیرہ بھی قبضے میں لیا۔ آپریشن کے دوران 17 طالبان جنگجو جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

Comments (0)
Add Comment