زمبابوے انتخابات میں دھاندلی کیخلاف عوام سڑکوں پر آگئے

ہرارے / بماکو (امت نیوز) پاکستان میں جہاں عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ وہیں اب زمبابوے میں بھی انتخابات میں دھاندلی کیخلاف عوام سڑکوں پر آگئے ہیں اور جیتنے والی حکمران جماعت کیخلاف مظاہرے کررہے ہیں، تاہم فوج نے مظاہرین پر گولیاں برسا دیں، جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ اسی طرح مالی میں دوران الیکشن دہشت گردوں کے ایک حملے میں 12 فوجی مارے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انتخابی دھاندلی جو حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہر ایک کا موضوع بحث ہے اب زمبابوے میں بھی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے جہاں انتخابی عمل میں چوری کرنے والوں کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ مظاہرین نے زمبابوے کی حکمران جماعت زانو پی ایف پر انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے، جنہیں اس مؤقف پر اپوزیشن جماعت ایم ڈی سی الائنس کی حمایت بھی حاصل ہے، زانو ایف پی نے حالیہ انتخابات میں ایوان زیریں کی 210 نشستوں میں سے110 پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایم ڈی سی نے محض 41 پر فتح حاصل کی۔دھاندلی الزامات کے بعد فوج نے زانو پی ایف کے دفاتر اور سرکاری املاک کو حفاظتی حصار میں لے لیا اور دارالحکومت ہرارے میں مظاہرہ کرنے والے شہریوں پر اندھا دھند گولیاں برسادیں جس سے ایک شخص ہلاک ہوگیا، جبکہ باقیوں نے چھپ کر جان بچائی۔مظاہرین نے ان پر اپنی پارٹی کو جتانے کے الزامات عائد کئے ہیں ۔ دوسری طرف افریقی ملک مالی میں عام انتخابات کے دوران دہشت گردوں کے حملے میں12فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ ترجمان وزارت دفاع نے بتایا کہ حملہ صوبہ سیجو میں کیا گیا جہاں پر درجنوں مسلح دہشت گردوں نے صدارتی انتخابات کے سلسلے میں گشت کرنے والے فوجی قافلہ پر گھات لگاکر حملہ کردیا۔ فوجیوں کی جانب سے جوابی کارروائی میں 8 حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیاہے۔دوسری جانب مقامی میڈیا کا کہنا ہے قافلے میں شامل 2 فوجی ٹرک تاحال لاپتہ ہیں۔

Comments (0)
Add Comment