کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اقامت دین کی جدوجہد، عوامی خدمت اور کر اچی کے حقوق کی آواز اٹھاتے رہیں گے۔ الیکشن کے بارے میں حقائق سے عوام کو آگاہ کریںگے ۔ انتخابات میں بھرپور مہم چلانے پر خوا تین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ عوام نے قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھرپور حصہ لیا اور ووٹ دیئے، لیکن فا رم 45اور 46کی عدم فراہمی، پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکال کر عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور پورے الیکشن عمل کو مشکوک بنادیا گیا، ایسے حلقہ جات جہاں ہمارے جیتنے کے امکانات تھے ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو گنتی کے دوران باہر نکال دیاگیا وہاں کے رزلٹ تبدیل کرکے ہمیں ہرادیا گیا یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہوا اور اس بار تو جیتنے والے اور ہارنے والے دونوں ہی دھاندلی کا الزام لگارہے ہیں۔ ملک بھر میں الیکشن کی شفافیت پر سوالات اٹھائے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اجتماع سے ناظمہ سندھ عطیہ نثار، ناظمہ حلقہ کراچی اسما سفیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔