اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف نے عمران خان کی بطور وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے سابق بھارتی کرکٹرز کپل دیو، سنیل گواسکر، نوجوت سنگھ سدھو اور بالی وڈ اداکار عامر خان کو مدعو کرلیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹرز اور اداکار بھی مدعو ہیں۔یہ فیصلہ پارٹی نے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریب حلف برداری میں دیگر عالمی شخصیات کو مدعو کرنے کا فیصلہ دفتر خارجہ کرے گا کہ عالمی شخصیات کو بلانے کا وقت ہے بھی یا نہیں۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے نئے وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری 14 اگست سے پہلے کرانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے تاکہ عمران خان یوم آزادی پر سرکاری تقریبات میں بحیثیت وزیر اعظم شریک ہوں تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آسکی ہے۔