کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم رہنماوں کے خلاف این آر او کے تحت ختم کیے گئے 7 ہزار 7 سو 93 مقدمات دوبارہ ری اوپن کے لئے درخواست دائر کردی گئی۔درخواست گزار اقبال کاظمی نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ این آر او کے تحت درج مقدمات ختم کرنے سے ایم کیوایم کے 8041 خطرناک کارکنوں کو فائدہ پہنچا۔این آر او کے تحت متحدہ بانی کے خلاف 31 قتل، 11 اغوا، 72 لاوڈ اسپیکر ایکٹ سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات ختم کیے گئے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سابق گورنر عشرت العباد، فاروق ستار، وسیم اختر، بابر غوری سمیت دیگر کے خلاف مقدمات بھی ختم کیے گئے۔ہائی کورٹ کے جسٹس خادم حسین ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر پولیس ودیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ایک ماہ میں پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔اسی عدالت نے آف شورکمپنیاں رکھنے سے متعلق نیب کو انکوائری میں مطلوب سابق ڈائریکٹر جنرل پورٹ قاسم اتھارٹی عبدالستار ڈیرو، اہلیہ زاہدہ ستار ڈیرو کی ضمانت میں توسیع کردی۔فاضل عدالت نے نیب کو ملزمان کے خلاف 6 ہفتوں میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنےکا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔دریں اثنا ہائی کورٹ نے سانحہ صفورا کیس کی ازسرنو کارروائی شروع کرنے کے خلاف دائر درخواست پر ملزم نعیم ساجد کی وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے درخواست گزار کے وکیل سے دلائل طلب کرلیے۔