اسلام آباد ہائیکورٹ – عمران نا اہلی کیس کا بنچ ٹوٹ گیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی آرٹیکل 62 کے تحت نااہلی کی درخواست کیلئے تشکیل دیا گیا نیا بنچ درخواست گزار کے اعتراض پر ٹوٹ گیا۔ نئے بنچ کی تشکیل کے لئے معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو بھیج دیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو جھوٹ بولنے اور اپنی بیٹی ٹیریان کا کاغذات نامزدگی میں ذکر نہ کرنے پر پاکستان جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکرٹری جنرل عبدالوہاب بلوچ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنی ٹیریان سے متعلق جھوٹ بولا اور کاغذات نامزدگی میں اسے بیٹی ظاہر نہیں کیا۔ وہ صادق اور امین نہیں رہے ، انہیں آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔مذکورہ درخواست کی ابتدائی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے کی تھی اور چیئرمین تحریک انصاف کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم اگست کو جواب طلب کیا تھا۔ گزشتہ روز مذکورہ درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کی۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے عدالتی بنچ تبدیل کرنے پر اعتراض کیا اور کہا کہ پرانا بنچ بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے جسٹس شوکت صدیقی کی سربراہی میں ڈویژن بنچ نے سماعت کی اور اب دوسری سماعت کے لئے بنچ تبدیل کر دیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل شیخ احسن الدین کے اعتراض پر موجودہ بنچ نے عمران خان کے خلاف درخواست سننے سے معذرت کر لی اور نئے بنچ کی تشکیل کے لئے معاملہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دیا۔

Comments (0)
Add Comment