8 لاکھ کی بینک ڈکیتی – 2 بنگلوں کا صفایا

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) شارع فیصل پر واقع نجی بینک سے 4ملزمان 5منٹ میں 8لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہوگئے جب کہ ٹیپو سلطان اور گذری میں ڈاکوئوں نے 2بنگلوں کا صفایا کردیا۔ملزمان لاکھوں روپے نقد اور زیور لے اڑے۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر واقع نجی بینک میں جمعرات کی دوپہرڈھائی بجے 4 مسلح ملزمان نے سیکورٹی گارڈ کو یرغمال بنایا اور عملے کے موبائل فونز لینے کے بعد5 منٹ میں کاؤنٹر سے 8لاکھ روپے سے زائد رقم لے کر فرار ہوگئے۔اطلاع پر ایس ایس پی ایسٹ نعمان صدیقی، ایس ایچ او فیروز آباد شعود بنگش ، رینجرز نے بینک سے شواہد جمع کئے۔نعمان صدیقی نے ‘‘امت’’ کو بتایا کہ بینک عملے نے خلاف ضابطہ سیکورٹی گارڈ کے بنکر کو اسٹور روم بنایا ہوا تھا۔ بینک میں موجود الارم بجتے ہی پولیس15منٹ میں پہنچ گئی۔ دریں اثنا آئی جی امجدجاوید سلیمی نے ڈکیتی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ اور ڈی آئی جی سی آئی اے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔دریں اثنا گذری تھانہ کی حدود ڈیفنس فیز 6میں ڈاکوئوں نے بنگلہ میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنایا۔ملزمان نے 20لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، 15لاکھ روپے نقد اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ پولیس کے مطابق بنگلہ ایک معروف تاجر کا ہے، تاہم پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرلی۔ادھرٹیپو سلطان تھانے کی حدود ایڈمنسٹریشن سوسائٹی بلاک 2بنگلہ نمبر 33میں نامعلوم ملزمان داخل ہوئے اور اہلخانہ کو یرغمال بنانے کے بعد لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہوگئے۔ اطلاع پر پولیس پہنچ گئی۔اس حوالے سے جب امت نے ایس ایچ او وقار فریدی سے رابطہ کیا تو پہلے انہوں نے ڈکیتی کی واردات سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے لائن کاٹ دی اور دوبارہ رابطے پر کہا کہ وہ میٹنگ میں ہیں، تاہم امت کو ٹیپو سلطان تھانے کے منشی عامر نے بتایا کہ ڈکیتی کی واردات کی اطلاع 15کے ذریعے موصول ہوئی تھی، تاہم واردات کی رپورٹ درج کرانے کے حوالے سے ابھی تک کسی نے پولیس سے رابطہ نہیں کیا۔

Comments (0)
Add Comment