کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں کارروائی کرکے متحدہ لندن کے نارتھ ناظم آباد سیکٹر کے خطرناک ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزم نے دوران تفتیش باپ بیٹے ، دو سگے بھائیوں سمیت 16افراد کے قتل اور بلڈرز سے بھتہ وصولی کا اعتراف کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے سرجانی ٹاؤن سے متحدہ لندن کے خطرناک ٹارگٹ کلر محمد ارشد قریشی کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلر نے 2010میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر 4افراد کریم خان، عجب خان، نیاز اور شیر علی کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا ، 2011 میں شارع نورجہاں کے علاقے میں ہی فائرنگ کرکے برکت علی ،رشید عرف شیدا ، باپ بیٹے زرلال خان اور نیاز عرف نیازو کو جبکہ 2012میں دو سگے بھائی محمد ذیشان اور خلیل احمد ،بہادر خان کو قتل اور شاہد ، فیصل اور جہانگیر کو زخمی کیا تھا ، ملزم نے 2013میں شارع نورجہاں کے علاقے میں ہی فائرنگ کرکے اسکول وین ڈرائیور کی جان لی ، ٹارگٹ کلر نے زیادہ تر وارداتیں لسانی بنیادی پر کیں جبکہ ملزم نے مزید چار افراد کو قتل کرنے کے علاوہ بلڈرز احمر، اسماعیل اور سرفراز سے بھتہ وصولی کا بھی اعتراف کیا ہے ،پولیس کے مطابق ملزم کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعدسے سرجانی ٹاؤن میں روپوش تھا۔