اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم بننے سے قبل ہی بھارت سے متعلق عمران خان کا پہلا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔پی ٹی آئی کے ترجمان اور سیکریٹری اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق وزیرِاعظم کی حلف برداری کی تقریب انتہائی سادہ ہوگی ،جس کیلئے کسی غیر ملکی شخصیت کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔ حالانکہ ایک روزپہلےانہوں نے خود کہا تھا کہ حلف برداری تقریب میں سربراہان مملکت کو بلانے کیلئے ان کی جماعت نے دفتر خارجہ سے بات کی ہے۔اس ضمن میں یہ بات زیرگردش تھی کہ بھارتی ہم منصب نریندر مودی، افغان صدر اشرف غنی اور دیگر کو بلایا جائے گا۔ جمعرات کومیڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے تضاد بیانی کا مظاہرہ بھی کیا۔ ایک طرف کہا کہ چئیرمین تحریک انصاف کے چند ذاتی دوست بیرون ملک سے آئیں گے۔دوسری سانس میں کہہ دیا کہ تقریب مکمل طور پر ایک قومی تقریب ہوگی اور اس میں کسی قسم کے تعیش یا تکلف کا اظہار نہیں کیا جائے گا۔الیکشن میں کامیابی کے بعد ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان نے وزیرِاعظم کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے بولی ووڈ اسٹار عامر خان، بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو اور مایہ ناز بیٹسمین سنیل گواسکر کو دعوت دی ہے۔تاہم عامر خان نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنےسے معذرت کرلی ۔جب کہ کپل دیو نے اپنی آمد دعوت نامہ ملنے اور مودی حکومت کی اجازت سے مشروط کی ہے۔ایک اورسابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نےجو بھارتی پنجاب کابینہ کے رکن بھی ہیں کہا کہ ان کے لیے پاکستان کے وزیرِاعظم کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت کرنا اعزاز کی بات ہوگی۔