کراچی (این این آئی)سرکاری ملازمت کے لیے انٹرویو نجی ادارے میں ہونے لگے ۔پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے200سب انجینئر کے عہدوں کیلئے انٹرویوز ایک نجی ادارے پرائمری پبلک ہیلتھ انیشیٹیو(پی پی ایچ آئی)میں کیے، جب کہ موجودہ سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈاکٹر ریاض احمد میمن پی پی آئی ایچ کے چیف ایگزیکٹو بھی رہے ہیں اور ابھی تک ان کا اثر و رسوخ پی پی آئی ایچ میں ہے ۔ذرائع کے مطابق من پسند افراد با آسانی رکھنے کے لیے نجی ادارے میں انٹرویو لیے گئے۔قواعد کے تحت یہ انٹرویوز پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں ہونا چاہیے تھے۔سب انجینئروں کی بھرتی کے لیے انٹرویو 30اور 31جولائی اور اس سے قبل 19سے 21جولائی کو کئے گئے ۔اس سلسلے میں سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا کہنا ہے کہ وہ 6ماہ پہلے پی پی آئی ایچ کو چھوڑ چکے ہیں تا ہم انٹرویوز کے حوالے سے انھوں نے جواب دینے سے گریز کیا۔ایک سینئر بیوروکریٹ کا کہنا ہے کہ جس ڈیپارٹمنٹ میں آسامی ہوتی ہے۔ٹیسٹ اور انٹرویو بھی وہیں پر ہوتے ہیں۔نجی ادارے کے لوگوں کو بطور ماہر انٹرویو لینے والوں میں شامل کیا جاتا ہے۔