اسلام آباد (امت نیوز) تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان سے برطانیہ کے سرکاری وفد نے پہلی ملاقات کی ہے جس میں عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ملک کی لوٹی دولت واپس لائینگے وہیں وفد نے نئے وزیر اعظم کے ساتھ مثبت و تعمیری تعلقات رکھنے کاعلان بھی کیا ہے۔ برطانوی اخبار ٹیلیگراف کے مطابق تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی انتخابات میں کامیابی کے بعد برطانیہ کے سرکاری وفد نے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کے ساتھ ان سے پہلی ملاقات کی ہے۔ عمران خان نے وفد سے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان سے لوٹی دولت جو برطانیہ میں رکھی ہے واپس لائینگے ۔ ملاقات میں پاکستان کیلئےبرطانوی امداد پر بھی بات چیت کی گئی۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے کہاہے کہ کرپشن کا خاتمہ برطانوی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور برطانیہ اسکے لئے بھرپور کردار ادا کرے گا۔ ٹیلیگراف کے مطابق عمران خان نے برطانوی وفد کو دولت واپس لانے سے متعلق کوئی تحریری درخواست یا قانونی جارہ جوئی شروع نہیں کی ہے البتہ اس عزم کااظہار ضرور کیا ہے۔ برطانیہ کے نئے قانون کے مطابق کوئی بھی جائیداد یا اکاؤنٹ منجمد کرایا جاسکتا ہے اگر یہ ثبوت پیش کردیا جائے کہ اسکے لیے رقم غیر قانونی طریقے سے لائی گئی ہے یا اسکے کمانے کا ذریعہ واضح نہ کیا جائے ۔