پولیس کی جانب سے تاجر کو ہراساں کرنے پر ہائیکورٹ برہم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے پولیس اہلکاروں محمد یاسر اور سندر کی جانب سے تاجر ذیشان کو بلیک میل اور ہراساں کرنے کے خلاف دائر درخواست پر آئی جی سندھ، ڈی آئی جی ایسٹ، ایس ایچ او محمود آباد اور دیگر فریقین سے تین ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔عدالت نے اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب پولیس اہلکار ہی بلیک میلنگ کریں گے تو شہریوں کو تحفظ کون فراہم کرے گا۔ہائی کورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی جانب سے 5 ارب 76 کروڑ روپے کی کرپشن کیس میں زر ضمانت 40 لاکھ روپے کی واپسی کے لیے دائر درخواست پر نیب کے پراسیکیوٹر اور دیگر کو 15 اگست کے لیے نوٹس جاری کردیے۔دریں اثنا جسٹس خادم حسین ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لیای کے لاپتہ رہائشی عتیق الرحمن کی بازیابی سے متعلق دائر درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ ، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 30 اگست تک ملتوی کردی۔ہائی کورٹ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر جاوید انوار اور جنرل سکریٹری ارشد خان کی بے ضابطگیوں کے خلاف دائردرخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 اگست کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

Comments (0)
Add Comment