ٹنڈو الہ یار (نامہ نگار) ٹنڈو الہ یار میں عام انتخابات میں ہارنے والے امیدوار نے علاقہ مکینوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔ جس کیخلاف متاثرین نے پریس کلب پر مظاہرے کئے۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے بعد ٹنڈو الہ یار میں انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جس کیخلاف مختلف گوٹھوں کے مکینوں نے بااثر افراد کیخلاف پریس کلب پر مظاہرے کئے۔ تعلقہ چمبڑ کی یونین کونسل جارکی موری کے گوٹھ مولوی عمر داؤ دانی گوٹھ جتو داؤ دانی، گوٹھ حاجی کوڑو داؤ دانی و دیگر گوٹھوں کے درجنوں رہائشیوں نے حاجی مصری داؤ دانی، غضنفر داؤ دانی، حاجی عبدالجبار داؤ دانی، حاجی عثمان داؤ دانی، اللہ رکھیو داؤ دانی، و دیگر نے ہونے والے مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ گوٹھ مولوی عمر داؤ دانی کا بااثر زمیندار اور یوسی جارکی کے چیئرمین عبدالصمد عرف شاہد داؤ دانی الیکشن میں اپنی پولنگ سے اپنے من پسند امیدوار کے ہار جانے کے بعد گوٹھ والوں کو گوٹھ خالی کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے اور گوٹھ میں موجود مدرسے، علاقہ مکینوں کے گھروں سے نکلنے والے سیوریج کے پانی کو بند کردیا ہے جس کے باعث سیوریج کا گندا پانی مدرسے اور گھروں میں داخل ہو رہا ہے، علاقہ مکین عذاب میں مبتلا ہیں انہوں نے کہا کہ بااثر زمیندار اور یوسی چیئرمین طاقتور ہونے کے باعث وہ غریب علاقہ مکینوں پر پولیس کے ذریعے جھوٹے کیس داخل کرانے کی بھی دھمکیاں دے رہے ہیں جس کے باعث یہاں کے رہائشی بے حد پریشان ہیں۔