حیدرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نگراں وزیرِ خارجہ عبداللہ حسین ہارون نے کہا ہے کہ چین سے قرض لینے پر امریکہ برا مان گیا اور اب چین کا غصہ ہم پر نکال رہا ہے۔حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیرِ خارجہ عبداللہ حسین ہارون کا کہنا تھا کہ سابق حکومت جاتے جاتے دو سو ارب روپے کے چیک پر دستخط کرکے گئی لیکن ہمیں کچھ نہیں ملا، پاکستان آئی ایم ایف سے 12 ارب ڈالر مانگ رہا ہے جس میں سے 50 فیصد رقم سے آئی ایم ایف کا قرض اتارنا ہے۔نگراں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے مانگے جانے والی رقم کا چین سے کوئی تعلق نہیں ہے، چین سے پیسہ لینے پر امریکہ برا مان گیا، امریکہ کے پاس پاکستان کو دینے کے لئے پیسے نہیں اوربھارت کو 9 ارب ڈالر جنگی اخراجات کے لئے جاری کردیئے، امریکا چین کا غصہ ہم پر نکال رہا ہے۔عبداللہ حسین ہارون نے کہا کہ پاکستان کو جنہوں نے کئی برس استعمال کیا ان کے اس رویئے سے تکلیف ہوتی ہے، جان و مال کی قربانی کے باوجود دوست کہنے میں فخر محسوس کرنے والے نظر انداز کر رہے ہیں، ہم نے امریکہ کی لڑائی میں اپنی دو تین نسلیں قربان کیں اور آج ہمارے ساتھ یہ سلوک اپنایا جا رہا ہے۔