راولپنڈی ۔اسلام آباد۔لاہور(کورٹ رپورٹر۔امت نیوز) مختلف عدالتوں میں ہارنے والے امیدواروں کی درخواستوں پر 3 صوبائی حلقوں سمیت 4 میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا گیا۔ جبکہ راجہ اشفاق سرور کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف رہنما فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روک دیا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کی گنتی روکوانے کیلئے درخواست مسترد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 279 ووٹوں سے ہارنے والے امیدوار کی درخواست منظور کرتے ہوئے حلقہ سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا ۔ مسٹر جسٹس شاہد کریم نے ناکام امیدوار این اے 91 سرگودھا عامر سلطان چیمہ کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، صوبائی الیکشن کمیشن اور ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ لاہور ہائی کورٹ نے پی پی 177 قصور ، پی پی 123 پیر محل ، پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا ۔ درخواست (ن) لیگ کے احسن رضا کی جانب سے دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پی پی 177 سے پی ٹی آئی کے کرنل ہاشم سے 1670 ووٹ سے شکست کھائی۔ پریزائیڈنگ افسران نے گنتی کے وقت سنگین بے قاعدگیاں کیں۔ پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا۔ فارم 45 نہیں دیا گیا۔ پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار کی درخواست پر حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا ۔ جسٹس شاہد کریم نے اسد زماں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ حلقہ میں چھ ہزار ووٹوں کو غیر قانونی مسترد کر دیا گیا۔ پی پی 123پیر محل سے (ن) لیگ کے ناکام امیدوار کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ حلقہ میں ایک لاکھ 28ہزار ووٹ کاسٹ ہوئے ۔ 45 سو ووٹوں کو غیر قانونی مسترد کر دیا گیا۔ پی ایس 103پیپلز پارٹی کے شہزاد میمن نے ریٹرنگ آفیسر کو دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کردی ریٹر نگ آفیسر نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردیا۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 اگست تک جواب طلب کرلیا۔پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما عابد شیر علی نے این اے 108 فیصل آباد میں دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پولنگ ایجنٹس کو گنتی کے وقت باہر نکال دیا گیا، مخالف امیدوار کو جتوانے کے لیے جعلی فارم 45 بنائے گئے، عدالت حلقہ میں دوبارہ گنتی کا حکم دے۔لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور کی پی پی 6کی دوبارہ گنتی کیلئے دائر درخواست مسترد کر دی ، جسٹس عباد الرحمن لودھی نے درخواست مسترد کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور کو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 114 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ جمعہ کو جسٹس عامر فاروق نے پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم سید فیصل صالح حیات کی درخواست پر سماعت کی ۔اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ دونوں امیدواروں میں ووٹوں کا فرق 5 فیصد سے کم ہو تو آر او درخواست پر دوبارہ گنتی کرانے کا پابند ہے ،ہمارے کیس میں ریٹرننگ افسر نے دس پولنگ اسٹیشنز کے بعد دوبارہ گنتی کا عمل روک دیا تھا۔جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد کیے جانے کیخلاف سندھ سے پیپلزپارٹی کے پانچ اور ایم کیو ایم پاکستان کے ایک امیدوار کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا ۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ نے این اے 131لاہور میں دوبارہ گنتی کیلئے سعد رفیق کی درخواست پر سماعت آج ہفتہ تک ملتوی کر دی۔جمعہ کولاہور ہائی کورٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 131 لاہور میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی عدم حاضری کے باعث عدالت نے درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔