لاہور(خبر ایجنسیاں) چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار نے تحریک انصاف کے نو منتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس پر تشدد کے واقعے کا ازخود نوٹس واپس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔جمعہ کوچیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مذکورہ کیس سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی، سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ واقعے کے ملزمان گرفتار اور وہ ریمانڈ پر ہیں، ندیم عباس بارا کے وکیل نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ کسی اور جگہ پیش آیا۔ متعلقہ ایس پی نے ذاتی رنجش پرنومنتخب ایم پی اے ندیم بارا اور ساتھیوں پر جھوٹا مقدمہ درج کیا۔چیف جسٹس نے واقعے کا ازخود نوٹس واپس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو خود تحقیقات کا حکم دیا، انہوں نے ریمارکس دیئے کہ آئی جی پنجاب دیانتدار آدمی ہیں، وہ مکمل تفتیش کرکے رپورٹ دیں گے۔