اسلام آباد(نمائندہ امت) خیبر پختون کے قبائلی اضلاع سے نومنتخب اراکین قومی اسمبلی اور پی ٹی ایم نامی تحریک کے رہنماؤں کے محسن داوڑ اور علی وزیر نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا کے ذریعے ہمارے مطالبات کی حمایت کی۔ اگر وہ حکومت بنا کر اپنے بیانات پر عمل کرتے ہیں تو ان کے پاس جانے کا فیصلہ کریں گے۔ جمعہ کو نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نومنتخب رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ ہم ایشوز کی بنیاد پرسیاست کرتے رہیں گے۔ہم آزاد حیثیت سے پارلیمنٹ کا حصہ ہوں گے۔مستقبل قریب حکومت اور اپوزیشن کے کردار کو دیکھ کسی کے ساتھ شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔ہم درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے مطالبات پورے کیے جائیں اورہمیں مزید مظاہروں پرمجبور نہ کیا جائے۔ان کا کہناتھا کہ ہم انتخابات سے قبل بھی اسلام آباد سے امن کی بھیک مانگنے آئے تھے اوراب بھی امن کا وہ حق اسمبلی کے فلور پر مانگیں گے ۔ ہمیں غدار کہا گیا مگر عوام نے ہمیں ووٹ دیا اور امن مانگتے ہوئے ہمارے بیانیے پر مہرے تصدیق ثبت کی۔انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ختم ہو گیا ہے لیکن وزیرستان کے لوگ کیمپوں میں سسک رہے ہیں۔ ہم مظلوم عوام کی آواز، فریاد ایوان تک پہنچائیں گے۔ سب سیاسی جماعتوں سے گزارش ہے کہ سیاسی جوڑ توڑ، خرید و فروخت اور غداری کے ماحول سے ہمیں محفوظ رکھا جائے۔ تاثر تھا کہ ایک مضبوط ادارے کے سپورٹ سے جیت سکتے ہیں۔ ہمارے علاقے کی عوام نے اس تاثر کو غلط ثابت کیا ہے۔نومنتخب رکن قومی اسمبلی علی وزیر نے کہاکہ ہم کسی ادارے، فرد یا سیاسی جماعتوں کے خلاف ذاتی بنیاد پر بات نہیں کریں گے۔