پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )پشاور کے حلقے کے پی 70 میں بھی کچرے کے ڈھیر سے متعددمہر لگے بیلٹ پیپرز برآمد ہوگئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق اچینی کے علاقے میں برآمد ہونے والے بیلٹ پیپرز میں سے اکثر پر مسلم لیگ (ن) کے انتخابی نشان ’شیر‘ پر مہر لگی ہوئی ہے، جس سے حالیہ انتخابات کی شفافیت پر شکوک و شبہات بڑھ گئے ہیں۔خیبر پختون کے حلقہ 70 سے (ن) لیگ کے امیدوار ظاہر خان نے پہلے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ووٹ ان کے حق میں ڈالے گئے تھے۔تاہم انہوں نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کی تصدیق نہیں کی، جس میں کچرے سے برآمد ہونے والے بیلٹ پیپرز دکھائے گئے ہیں۔واضح رہے کہ پی کے 70 (پشاور 5) وہی حلقہ ہے جہاں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد ریٹرننگ افسر نے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوارخوش دل خان کو کامیاب قرار دے دیا تھا اور تحریک انصاف کے رہنما شاہ فرمان 187 ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔