اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سابق صدرپرویزمشر ف کے وکیل اخترشاہ ایڈووکیٹ نے روزنامہ امت سے گفتگومیں بتایاہے کہ سابق صدرپرویزمشرف ان دنوں دبئی میں مقیم ہیں اور ان کاخصوصی عدالت کی جانب سے دی گئی نئی تاریخ سماعت بیس اگست کوبھی پیش ہونے کاامکان نہیں ہے کیونکہ جب تک حکومت کی جانب سے انھیں ان کی مرضی کے مطابق سیکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی اور انھیں دبئی میں واپسی کی اجازت کی یقین دہانی نہیں کرائی جاتی وہ ملک میں واپس نہیں آئیں گے انھوں نے مزیدبتایاکہ تاریخ سماعت پروہ پرویزمشر ف اور صہبامشرف کے مشترکہ بنک اکاؤنٹس کومنجمدکرنے کے خلاف دلائل دیں گے جبکہ پرویزمشرف کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈکے حوالے سے خصوصی عدالت کادیاگیاحکم بھی اب غیر موثر ہوچکاہے کیونکہ سپریم کورٹ نے اس معاملے میں احکامات جاری کیے تھے ۔انھوں نے کہاکہ ان کاخیال ہے کہ خصوصی عدالت اس سماعت میں پراسیکیوٹرکی تعیناتی کے حوالے سے ہی احکامات جاری کرے گی وسیے بھی ابھی تومرکزمیں کسی سیاسی جماعت کی حکومت کے حوالے سے مطلوبہ تعداد نہیں مل سکی ہے اگر تحریک انصاف کوحکومت ملناہے توابھی اس میں بھی وقت لگے گاوفاقی کابینہ مقررہوگی پھر معاملات آگے چلیں گے پتہ نہیں تحریک انصاف پرویزمشرف کے حوالے سے کیاپالیسی اختیار کرے ۔اورانھیں میاں نوازشریف کے معاملات سے ہی فرصت نہیں مل سکے گی پھرہماری باری آئیگی اس لیے یہ بھی امکان ہے کہ خصوصی عدالت یہ سماعت عدالتی تعطیلات کے بعدتک ملتوی کردے ۔