مشرف نیب سوالنامہ کے جوابات 6اگست کو وکیل کے ذریعے داخل کرائیں گے

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سابق صدرپرویزمشرف قومی احتساب بیورو(نیب)کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات بارے دیے گئے سوالنامہ کے جوابات 6اگست کواپنے وکیل اخترشاہ ایڈووکیٹ کے ذریعے داخل کرائیں گے اور نیب میں جوابات پیش کریں گے ۔ذرائع نے روزنامہ امت کوبتایاکہ قومی احتساب بیوروکوپرویزمشرف نے اثاثوں کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیاہے ۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق صدر و آرمی چیف پرویز مشرف کی اہلیہ، بچوں اور داماد کو طلب کیاتھامگر کوئی بھی پیش نہیں ہواتھا۔ نیب نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں پرویز مشرف کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کررکھاہے۔ نیب راولپنڈی نے سابق صدر کی اہلیہ صہبا، بیٹے بلال، بیٹی عائلہ اور داماد عاصم کو 11 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔ نیب نے بیگم صہبا مشرف کو ایک گھر، تین پلاٹ اور 6 گاڑیوں کی تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا کیس ہے۔ مئی میں کیس کی تحقیقات کے دوران نیب نے پرویز مشرف اور ان کے اہل خانہ کی گاڑیوں کی تفصیلات بھی حاصل کی تھیں۔ذرائع کاکہناہے کہ پرویزمشرف کے وکیل ان کے اور ان کی اہل خانہ کے اثاثوں کی تفصیلات اور سوالنامہ کاجواب 6اگست کونیب میں پیش کریں گے اور راولپنڈی میں نیب کوتفصیلات پیش کی جائیں گی ۔ذرائع کاکہناہے کہ سوالنامہ میں سوالات کی ایک لمبی چوڑی فہرست ہے جس میں پرویزمشرف کی ملازمت سے قبل ،ملازمت کے بعداور ریٹائرمنٹ سے لے کرحکومت میں آنے ،اور بعدازاں اقتدار چھوڑنے اور دیگر معاملات بارے تفصیلات پوچھی گئی ہیں ۔

Comments (0)
Add Comment