اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہاہے کہ مجھے اور میرے خاندان کو جان کا خطرہ ہے۔انہوں نے برطانیہ کے دورے سے بھی معذرت کرلی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس انورکاسی کے نام خط میں، جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا ہے کہ31 جولائی کو جاری شوکاز نوٹس کے باعث دورے پرجانا ممکن نہیں،مجھے اور میری فیملی کو جان کے خطرات ہیں۔ خطرات اور دباوٴ کی کیفیت میں فیملی کو چھوڑ کر برطانیہ نہیں جا سکتا۔جسٹس شوکت کے خلاف اس وقت سپریم جوڈیشل کونسل میں اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اپنی رہائش گاہ کی تزئین و آرائش کے لیے سرکاری خزانے سے رقم خرچ کرنے سے متعلق ریفرنس کی سماعت جاری ہے۔اُنھیں برطانیہ میں ورکشاپ میں شرکت کے لیے نامزد کیا گیاتھا۔تاہم انہوں نے 7روزہ دورے سے معذرت کرلی ہے۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو ایک گن مین اور رہائش گاہ پر دو گارڈز فراہم کیے گئے ہیں جبکہ پولیس کا ایک سکواڈ اُنھیں گھر سے ہائی کورٹ اور عدالت سے گھر لے جانے کے لیے دیا گیا ہے۔