اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن نے انتخابات کے ایک ہفتے بعد تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کی مزید ایک نشست بڑھا دی۔ نتائج کے اعلان کے وقت تحریک انسانیت کے نام پر ایک نشست دکھائی گئی تھی، لیکن اب الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انسانیت نامی جماعت الیکشن میں کوئی نشست نہیں جیت سکی تھی ۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ تحریک انسانیت والی نشست دراصل تحریک انصاف کی تھی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈیٹا انٹری میں غلطی کی وجہ سے تحریک انسانیت کی نشست دکھائی جاتی رہی جسے اب تبدیل کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے واضح بیان کے بعد قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی نشستوں کی تعداد 116 ہوگئیں۔ الیکشن کمیشن نے بھی اپنے ڈیٹا میں تحریک انصاف کی نشستیں 116 کر دی ہیں۔