کراچی (اسٹاف رپورٹر)عزیز آباد سمیت دیگر علاقوں پر مشتمل قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 254 سے کامیاب تحریک انصاف کے رکن اسمبلی محمد اسلم خان کے خلاف متحدہ کے امیدوار شیخ صلاح الدین نے ریٹرننگ افسر کے پاس درخواست جمع کرادی ، شیخ صلاح الدین نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ این اے 254 سے پی ٹی آئی کے کامیاب امیدوار محمد اسلم خان 1997 میں کسٹم کورٹ کے کیس میں اشتہاری ملزم ہیں اور ان کے تاحیات وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے گئے تھے ۔ اس حوالے سے معلومات انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں چھپائیں، لہذا ان کی الیکشن میں کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔شیخ صلاح الدین نے مزید کہا کہ محمد اسلم خان کو 3اگست 2004 میں کرمنل کیس نمبر 106/1997 کے فیصلے میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا ۔قانون کے مطابق کرمنل کیسز کو چھپانے والا آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت کو عام انتخابات میں حصہ لینے اور پارلیمنٹ کا رکن بننے کے لئے اہل نہیں ہے ۔شیخ صلاح الدین کہا کہ مذکورہ حقائق کا علم مجھے تاخیر سے ہوا ،جبکہ الیکشن کے نتائج بھی آچکے ہیں ، الیکشن کمیشن کی جانب سے سرکاری نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا ، میں نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی درخواست بھیج دی گئی ہے ۔ استدعا ہے کہ محمد اسلم خان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ شیخ صلاح الدین کی جانب سے ریٹرننگ افسر کے پاس عدالتی فیصلے کی کاپی و دیگر دستاویزات بھی جمع کرائی گئی ہیں ۔دستاویزات کے مطابق 1997 کو ڈائریکٹوریٹ اینڈ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کو اطلاع ملی محمد اسلم خان عرف اسلم سنگاپوری ،محمد سلیم خان ، محمد اعظم خان و دیگر کراچی ایئرپورٹ سے درآمد شدہ سامان اسمگل کررہے ہیں ،جس پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرکے اسمگل شدہ سامان پکڑ لیا ،جس میں آٹو پارٹس ، کمپیوٹر پارٹس ، ٹیلیفون سیٹس ، ریڈیو، آڈیو سی ڈیز ، مشینوں کے پارٹس ، فزیو تھراپی کی مشین ، فیکس موڈیم کارڈز ، پرنٹرز ، اسپیکرز کٹ ودیگر آلات شامل تھے ۔جب کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ محمد اسلم خان عرف اسلم سنگا پوری اور دیگر ملزمان کے 1995 سے 1997 تک درجنوں کنسائنمنٹ آئے ،جن میں اسلم سنگا پوری و دیگر نے الیکٹرونکس سامان اسمگل کیا، ملزمان سنگاپور اور متحدہ عرب امارات سے سامان اسمگل کرتے تھے،ملزمان نے 28.57ملین روپے کی مس ڈیکلریشن کی اور قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا، 14 دسمبر 1998 کو کسٹم کورٹ نے محمد اسلم خان عرف سنگاپوری کی غیر موجودگی میں دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کیا ،جبکہ کسٹمز حکام نے حتمی چالان جمع کراتے ہوئے اسلم خان کو اشتہاری قرار دے دیا۔ 2004 میں عدالت کا فیصلہ سامنے آیا،جس میں عدالت میں پیش نہ ہونے پر محمد اسلم خان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے ۔’’امت‘‘ نے اس حوالے سے موقف لینے کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار محمد اسلم خان سے رابطہ کرنے کی متعدد بار کوشش کی ،تاہم ان کاموبائل فون بند تھا۔دریں اثنا ریٹرننگ افسر نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 103سے پیپلز پارٹی کے شہزاد میمن کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی ہے ۔