بیماری کے باعث نواز شریف کاوزن خاصا کم-حوصلہ بلند

اسلا م آباد( مرزا عبدالقدوس)سابق وزیراعظم نواز شریف کا جیل میں وزن خاصا کم ہوگیا، دل کے مریض ہونے اور شوگر کی وجہ سے ان کی جسمانی کمزوری واضح ہے تاہم ایک بڑے قومی لیڈر کی طرح ان کا حوصلہ بلند ہے، جمعرات کو انہوں نے اپنے تمام ملاقاتیوں سے کھڑے ہو کر ہاتھ ملایا اور بعض کے ساتھ معانقہ بھی کیا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک اہم راہنما نے آف دی ریکارڈ گفتگو میں کیا۔ اس راہنماء نے نواز شریف سے جیل میں ملاقات کی تھی۔ اس ذریعے کا مطابق نواز شریف کا وزن اتنا کم ہوا ہے کہ ان کو پہلی نظر میں دیکھ کر حیرت اور پریشانی کا جھٹکا لگا لیکن پھر ان کے کافی دیر کھڑے رہ کر تمام مہمانوں سے ملاقات کر نے او رگفتگو میں اندازہ ہوا کہ وزن کی کمی کے باوجود ان کی صحت ٹھیک ہے، ان کے چہرے سے اطمینان سے ظاہر ہوا کہ وہ اپنے اصولی موقف پر اب بھی پوری قوت او رمضبوطی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں جو ان کی بلند حوصلگی کی واضح علامت ہے۔ نواز شریف نے دوران ملاقات اپنے چہرے پر مسکراہٹ لا کر تمام وقت گفتگو کرنے کی کوشش کی اور اپنی کسی پریشانی یا بیماری کو ملاقاتیوں پر ظاہر نہیں کیا تا کہ وہ پریشان ہو کر واپس نہ جائیں۔اس ذریعے کے مطابق سابق وزیراعظم کی مریم نواز اور کیپٹن صفدر سے ملاقات ان کی اڈیالہ جیل میں موجودگی کے باوجود ہفتہ وار ملاقات کے دن یعنی جمعرات کو ہوتی ہے ۔ نواز شریف کو جو ٹی وی دیا گیا ہے اس پر صرف پی ٹی وی کی نشریات آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بہت کم ٹی وی دیکھتے ہیں ۔ تنگ کوٹھری جس میں نواز شریف کو رکھا گیا ہے اس میں سنگل بیڈ کے ساتھ بمشکل جائے نماز بچھانے کی جگہ ہے۔ نواز شریف جیل میں پرہیزی کھانا کھا رہے ہیں اور ادویات بھی مسلسل ان کے زیر استعمال ہیں۔

Comments (0)
Add Comment