ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا قائد اعظم ٹرافی سے باہر

لاہور (امت نیوز) ٹیسٹ کرکٹر حسن رضا قائد اعظم ٹرافی سے باہر ہوگئے ٗ سرکاری ادارے کی ٹیم نے بھارتی سٹے بازوں کے ساتھ ویڈیو سامنے آنے کے بعد حسن رضا کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا۔میڈیارپورٹ کے مطابق پاکستانی کرکٹر حسن رضا کی دو ماہ پہلے بھارتی سٹے باز کے ساتھ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں سٹے باز میچ فکسنگ کے طریقہ کار بتا رہا تھا اس ویڈیو میں حسن رضا نے کچھ بولا تو نہیں تاہم انہیں صاف بیٹھا دیکھا جاسکتا ہے۔ ویڈیو کے بعد تاحال پی سی بی نے انہیں نہ کوئی نوٹس بھیجا ہے اور نہ ہی انکوائری کے لیے طلب کیا ہے لیکن ایک سرکاری ادارے کی ٹیم نے انہیں قائد اعظم ٹرافی کیلئے اپنی ٹیم میں شامل نہیں کیا ۔واضح رہے کہ حسن رضا ایک ہفتے سے اسلام آباد میں ہیں جہاں انہیں ٹیم سے باہر کئے جانے کی اطلاع دی گئی۔ حسن رضا کا کہنا ہے کہ وہ جلد پی سی بی سے رابطہ کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment