اسلام آباد ( نمائندہ امت) ایک لاکھ پاکستانی عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ دفتر امور حجاج کے تمام شعبے 24 گھنٹے فعال ہیں۔ عازمینِ حج کی رہنمائی اور سہولت کیلئے 15 سو سے زائد عملہ دن رات مصروف عمل ہے۔ یہ بات دفتر امور حجاج پاکستان، مکہ مکرمہ کے ڈائریکٹر سہولت و تعاون نور سلم شاہ نے میڈیا ٹیم سے گفتگو میں کہی۔ تفصیلات کے مطابق 14 جولائی کو شروع ہونے والی حج پروازوں کے ذریعے اب تک ایک لاکھ سے زائد نجی اور سرکاری سکیم کے عازمینِ کرام سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ پاکستانی عازمینِ حج کی رہنمائی اور سہولیات کیلئے 15 سو سے زائد مقامی اور پاکستان سے پہنچنے والا عملہ دن رات مختلف شفٹوں میں اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے۔ ڈائریکٹر سہولت و تعاون نور سلم شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی عازمینِ حج کی خاصی بڑی تعداد ضعیف ، ناخواندہ اور پہلی بار بین الاقوامی سفر پر آئےافراد پر مشتمل ہوتی ہے۔ قریبا 40 دن کے ایک لمبے عرصے سے اپنے گھر سے دورایسے افراد کو قدم قدم پر رہنمائی کی ضرورت پڑتی ہے ۔ مقامی راستوں اور مقامی زبان سے ناواقف عازمینِ حج کیلئے اپنے ہم وطن اور ہم زبان عملہ کی موجودگی کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے میڈیا ٹیم کو بتایا کہ دفتر امور حجاج پاکستان میں ان کے ساتھ ساتھ مزید تین ڈائریکٹر ، شعبہ مانیٹرنگ، شعبہ رہائش و ٹرانسپورٹ اور حج میڈیکل مشن کام کر رہے ہیں ۔ ڈائریکٹر سہولت و تعاون کے زیر انتظام کئی شعبے مصروف عمل ہیں جن میں مین کنٹرول آفس مکہ و مدینہ، جدہ ایئر پورٹ، دفتر مدینہ آمد و روانگی، گمشدگی و بازیابی، حرم گائڈز، شکایات سیل، مفت ہیلپ لائن، میڈیا سیل اکاونٹس اور وہیل چیئرز کی تقسیم کے شعبے کام کر رہے ہیں۔ مین کنٹرول آفس روزانہ کی بنیاد پر ایک روپورٹ تیار کرتا ہے جس میں تمام شعبوں کی کارکردگی اور حجاج کی آمد روفت بارے اعداد و شمار مرتب کئے جاتے ہیں۔ بعد ازاں ڈائریکٹر سہولت و تعاون نے میڈیا ٹیم کے ہمراہ تمام شعبوں کا دورہ کیا اور ان کی کارکردی بارے رپورٹس طلب کیں۔ اعداد و شمار کے مطابق اب تک 185 راستے بھولنے والے عازمین حج کو تلاش کر کے ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جا چکا ہے جبکہ 1 ہزار سے زائد سامان کے بیگ بھی ان کے مالکان کے حوالے کئے گئے ہیں۔ ہیلپ لائن پر رہنمائی کیلئے 481 کالیں جبکہ 208 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 182 کا ازالہ کر دیا گیا ۔ کھانے کے حوالے سے 74 شکایات میں سے 52 کو نمٹایا جا چکا ہے جبکہ دیر سے کھانا پہنچنے کی 8 شکایات موصول ہوئیں ۔ نور سلم شاہ کا کہنا تھا کہ موسم کی شدت ،تھکن اور دیگر امراض کے اعلاج کیلئے روزانہ سینکڑوں مریض مرکزی ہسپتال اور ڈسپنسریوں کا رخ کرتے ہیں۔ اب تک 20 ہزار سے زائد عازمین کو علاج اور ادویات کی سہولت دی گئی ہے۔ اب تک 5 عازمینِ حج کی اموات واقع ہوئیں ہیں جن میں سے 4 سرکاری جبکہ ایک نجی حج سکیم پر سعودی عرب پہنچے تھے۔مختلف حادثات کےنتیجے میں 9 عازمینِ حج زخمی ہوئے ہیں ۔