انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن نےشیخ رشید کے بھتیجے کی مخالفت کر دی

راولپنڈی(ناصرعباسی)انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف)راولپنڈی نے حلقہ این اے60 سےپارٹی ٹکٹ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے بھتیجے کو دینے کی مخالفت کردی ہے اور پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضمنی الیکشن کیلئے ٹکٹ پی ٹی آئی کے کسی مقامی رہنما کو دیا جائے۔ انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن راولپنڈی کےصدرچوہدری ذوالقرنین نے ’’امت‘‘ کے رابطے پر شیخ رشید احمد کے بھتیجے کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ دینے کی مخالفت کرنے کی تصدیق کی۔ انکا کہنا تھا کہ آئی ایس ایف کو خیبر پختون اور سندھ میں ٹکٹ دئیے گئے تھے جبکہ پنجاب میں پارٹی کو درپیش مسائل کے سبب آئی ایس ایف نے ٹکٹوں کا مطالبہ نہیں کیا ۔ ضمنی انتخابات میں حلقہ این اے 60 پر ٹکٹ کا پہلا حق تحریک انصاف کارکن کا ہے خواہ اسکا تعلق آئی ایس ایف سے ہو یا پی ٹی آئی سے ہو، کیونکہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی کامیابی کےلیے کارکنوں نے دن رات محنت کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائی ۔ شیخ رشید احمد پی ٹی آئی کارکنوں کی بدولت حلقہ این اے 62 سے کامیاب ہوئے ہیں۔شیخ رشیدکے بھتیجے کوسفارش کی بنیاد پر ٹکٹ کا فیصلے کو پی ٹی آئی اور آئی ایس ایف کے کارکن قبول نہیں کرینگے۔حلقہ این اے 60 کے لیے آئی ایس ایف کے مرکزی صدر چوہدری ارسلان بھی ٹکٹ کے امیدوار ہیں ۔اس حوالے سے مشاورتی اجلاس جلد بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے ایک رہنما کا’’امت‘‘کے رابطے پر کہنا تھا کہ کارکنوں نے پارٹی کو پاؤں پر کھڑا کرنے کےلیے برسوں محنت کی لہذا کسی دوسرے کو ٹکٹ دینے کی اطلاعات پر کارکنوں میں تشویش پائی جاتی ہے اور فیصلے کی بھرپور مخالفت کی جائیگی۔ اس سلسلے میں رابطوں کا آغاز کردیا گیا ہے ۔شیخ راشد شفیق پی ٹی آئی کارکنوں کو بطور امیدوار قبول نہیں ۔

Comments (0)
Add Comment