14سال بعد پاکستان کوانٹرنیشنل ہاکی ایونٹ کی میزبانی مل گئی

لوزین( خبر ایجنسیاں)انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن پاکستان پر مہربان ہوگئی، پاکستان طویل عرصے بعد انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے 14سال کے بعد پاکستان کو انٹرنیشنل ایونٹ ہاکی اوپن سیریز کی میزبانی سونپ دی ہے۔ ایونٹ 22 ستمبر سے 30 ستمبر تک لاہور میں شیڈول ہے۔ جس میں اومان، بنگلہ دیش، ترکی، قازقستان، چین اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔واضح رہے کہ 2004 میں پاکستان نے آخری بار چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تھی۔ پاکستان ٹیم کا شمار دنیا کی ہائی پروفائل ٹیموں میں ہوتا ہے اس لیے گرین شرٹس کو ایونٹ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن حکام کی کوشش ہے کہ اوپن سیریز میں پاکستان کی جونیئر ٹیم کو ایونٹ کا حصہ بنایا جائے، اس حوالے سے فیڈریشن عہدیدار ایف آئی ایچ سے با رابطے میں ہیں۔ہاکی اوپن سیریز کی آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ گیم ڈیویلپمنٹ نوید عالم کے مطابق طویل عرصے کے بعد ایف آئی ایچ کی میزبانی پاکستان کو ملنےکا سہرا ایشین ہاکی فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طیب اکرام اور پی ایچ ایف حکام کو جاتا ہے۔ نوید عالم نے کہا کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف پاکستان کے گرائونڈز آباد ہوں گے بلکہ شائقین کو بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

Comments (0)
Add Comment