فائرنگ سے منشیات فروش ہلاک – چوکیدار کا وحشیانہ قتل

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک کالونی میں فائرنگ سے منشیات فروش ہلاک ہوگیا،اسٹیل ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان نے ڈنڈوں کے وار کرکے چوکیدار کو قتل کردیا، نیو کراچی سے ایک شخص کی لاش ملی۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن فلٹر پلانٹ کے قریب خالی پلاٹ سے 36سالہ شخص کی لاش ملی، پولیس نے تحویل میں لے کر فوری قریبی اسپتال پہنچایا۔ ایس ایچ او افتخار احمد نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ مقتول عبدالغنی ولد غلام نبی فلٹر پلانٹ کے قریب واقع8 ایکٹر کے پلاٹ پر کئی سال سے چوکیداری کررہا تھا کہ جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ڈنڈوں کے وار کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی تھا۔ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار پاسبان مسجد کے قریب گھر کے پاس کھڑے 28 سالہ انیل ولد عمر بخش پر 4 موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں انیل موقع پر ہلاک ہوگیا۔ ایس ایچ او ارشد علی نے ’’امت ‘‘کو بتایا کہ مقتول بدنام زمانہ منشیات فروش ساجد گروپ کا کارندہ تھا۔ نیو کراچی سندھی ہوٹل سے ایک شخص کی لاش ملی، پولیس نے وجہ موت طبعی قرار دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے بشیر چوک سندھی ہوٹل کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے پولیس نے عباسی اسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ نامعلوم متوفی کی عمر 30سال کے قریب ہے، ڈاکٹر ز نے وجہ موت طبعی بتائی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے اور نشے کی زیادتی سے اس کی موت ہوئی ہے، پولیس نے لاش سرد خانے منتقل کردی ہے۔

Comments (0)
Add Comment