کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن معمار سے کار لفٹنگ ا ور ڈکیتی میں ملوث ملزم کوگرفتار کر کے چھینی گئی کار برآمد کرلی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کار لفٹنگ سیل پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلشن معمارسے ملزم رضوان کو گرفتار کر کے ٹویوٹا کرولا کار برآمد کرلی، ایس ایس پی اسد رضا نےمیڈیا کو بتایا کہ برآمد کی جانے والی کارمنگل کو ایف بی ایریا بلاک نمبر 16سےچھینی گئی تھی جس کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازہ میں درج ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملزم 2016 میں اے سی ایل سی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا تھا اور گذشتہ سال رہائی کے بعد دوبارہ وارداتیں کرنے لگا تھا ملزم نے اپنے ساتھیوں شکیل اور علی کے ہمراہ کے ڈی اے فلیٹ میں سیلون میں ڈکیتی مزاحمت پر سیکو رٹی گارڈ کو قتل کیاتھا اور گارڈ کی فائرنگ سے ملزم علی بھی مارا گیا تھا ،ایس ایس پی نے کہا کہ ملزم کا والد دو چچا ، پھوپھا ، پھوپھی اور کزن اغوا برائے تاوان اور قتل کےجرم میں5سال سے قید کاٹ رہے ہیں جبکہ ملزم نے کیس کے مدعی کو فائرنگ کر کے زخمی اور عینی شاہد کو قتل کردیا تھا۔ ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے ۔