اسلام آباد میں 2افراد مارے گئے

اسلام آباد ( نمائندہ امت) تھانہ نون کے علاقہ جھنگی سیداں میں ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیاگیا۔تھانہ شمس کالونی کے علاقہ بوکڑہ میں اندھے قتل کی واردات کے دوران 24 سالہ نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد لاش ویرانے میں پھینک دی گئی۔تھانہ کھنہ کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے خنجروں کے وار کرکے شہری کو شدید زخمی کر دیا ۔جبکہ اسی تھانے کے علاقہ پنڈوریاں میں معمولی تلخ کلامی پر ملزم نے فائر کرکے شہری کو شدید زخمی کر دیاتفصیلات کے مطابق جنید خان نے تھانہ نون پولیس کو بتایا کہ علی حیدر اور گل رحمان نے میرے والد محمد علی کو ناحق قتل کیا ہے۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ شمس کالونی پولیس کو اطلاع ملی کہ بوگڑہ گاؤں سے نامعلوم نوجوان جس کی عمر 23، 24 سال تھی نامعلوم قاتلوں نے فائرنگ کرکے قتل دیا اور لاش کو ویرانے میں پھینک دیا پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر اندھے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔مہراج علی نے پولیس کو بتایا کہ پنڈوریاں میں میرے بھائی شیر علی کو نامعلوم افراد نے جان سے مارنے کیلئے خنجر کے پے در پے وار کئے جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور لوگوں کے شور مچانے پر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ دلاور خان نے کھنہ پولیس کو بتایا کہ ملزم مسعود خان نے قتل کرنے کی خاطر اس کو فائر کرکے شدید زخمی کر دیا پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

Comments (0)
Add Comment