اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )عمران خان متحدہ پاکستان کو اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت دینے پر تیار ہو گئے۔ علاوہ ازیں وزارت پورٹ اینڈ شپنگ بھی دینے کا امکان ہے۔اس حوالے سےعمران اسماعیل کوایم کیو ایم سےمعاملات طے کرنےکاٹاسک دیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد وفاقی کابینہ کا حجم بھی مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت سازی کے بعد پہلے مرحلے میں 15 سے 20 وزراء پر مشتمل کابینہ تشکیل دی جائے گی۔ عمران خان کی زیر صدارت اجلاس بنی گالہ میں ہوا جس میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی کے امور پر غور کیا گیاجب کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ فارمولے پر بات چیت کی گئی۔ذرائع کے مطابق اتحادیوں کو اہم وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔ وفاقی کابینہ کی اولین ترجیح سادگی اور کفایت شعاری اپنانا ہوگی اور وزراء کی کارکردگی عمران خان خود مانیٹر کریں گے۔ دریں اثناسیکورٹی اداروں نے عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ اور منسٹرز انکلیو کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔ جس کے مطابق دونوں مقامات کےاطراف باؤنڈری وال ہے نہ سیکورٹی چیک پوسٹ۔ دونوں مقامات سے کسی فرد کو باآسانی ٹارگٹ کیا جا سکتا ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ منسٹرز انکلیو کا اسپیکر ہاؤس وزیراعظم کی رہائش گاہ بنانے کیلئے غیر محفوظ ہو گا۔ ان خدشات کے حوالے سے تحریک انصاف کے 2 سینئر رہنماوں کو آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ بنی گالہ میں رینجرز کی پٹرولنگ کو بھی بڑھا دیا گیا ہے۔