کوہاٹ/پشاور(بیورو رپورٹ/امت نیوز) بونیر سے کراچی آنے والی مسافر بس کوہاٹ میں آئل ٹینکر سےٹکرا کر پل سے نیچے جاگری، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 20مسافر جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔ حادثے کے بعد پاک فوج سمیت دیگر امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں،تاہم ٹریفک جام سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ تفصیلات کے مطابق کوہاٹ میں ہفتے کی شام 4 بجے تیز رفتار مسافر بس انڈس ہائی وے پراترائی کے دوران بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے بعد پل سے نیچے جا گری، جس کے نتیجے میں 20افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی ،جبکہ آرمی کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ حادثے کے بعد سڑک پر ٹریفک بلاک ہوگئی، جس کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو کوہاٹ اسپتال منتقل کیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ زخمیوں میں متعدد کی حالت نازک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ ادھر نگران وزیراعلیٰ خیبرپختون دوست محمد خان نے حادثےمیں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اُنہوں نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ زخمیوں کا فوری اور بہترین علاج یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے ڈاکٹرز کی چھٹیاں منسوخ کر دیں ،تاکہ زخمیوں کے علاج میں تاخیر نہ ہو۔ نگران وزیراعلیٰ نے شدید زخمی مسافروں کو پشاور منتقل کرنے اور ریسکیو1122 کی فوری خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔ اُنہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ زخمیوں کو خون دینے کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی بخشش اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دُعا بھی کی۔دریں اثنا بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے 13 افراد کی شناخت ہو گئی ہے جن میں کلثوم ، گل حکیم ولد گلاب شاہ سنکہ سانگلہ ، فرمان علی ولد معروف شاہ سکنہ بونیر ، ذوالقعدہ زوجہ صدر ایوب سکنہ بونیر ،سباہ نور دختر زاکر سکنہ تخت بھائی ، صاحب زاد ولد نظیر سکنہ پیر بابا بونیر ، جان محمد ولد مومریز خان سکنہ عریب نواز کالونی کراچی غربی ، بخت شیر ولد صفت گل سکنہ خان پور ضلع بونیر ،وجاہت زوجہ زاکر سکنہ تخت بھائی ، شرین زمان ولد بخت افسر سکنہ بونیر ، دل ارام ولد شمشیر سکنہ ڈگر بونیر ، اسامہ سکنہ پشاور ،نعمان حبیب ولد حبیب الرحمن سکنہ مردان شامل ہیں۔