ویانا(مانیٹرنگ ڈیسک)سوئٹزر لینڈ میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود تمام افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگ عظیم دوئم کا ونٹیج ایئر کرافٹ سوئٹزر لینڈ کے برف پوش پہاڑیوں پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں موجود تمام افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے، طیارے میں 17 مسافر اور عملے کے 3 ارکان سوار تھے۔ایک عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ گرنے سے قبل طیارے نے 180 ڈگری پر جنوب کی جانب اپنا رخ تبدیل کیا جس کے بعد جہاز تیزی سے زمین کی طرف آنے لگا اور چند ہی سیکنڈز میں پتھر کی طرح زمین پر آن گرا جس سے طیارے کے پرخچے اُڑ گئے اور ملبے میں آگ لگ گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ جہاز سطح سمندر سے 8 ہزار 333 فٹ کی بلند چوٹی پر گرا، ریسکیو اداروں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کردیا گیا ہے تاہم دشوار راستوں اور خراب موسم کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔