کراچی (پ ر) تحریک لبیک کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی مفتی قاسم فخری نے کہاہے کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ شہر کے تمام علاقوں میں بجلی اور پانی کی فراہمی کے یکساں نظام پر عمل درآمد کا آغاز کریں ورنہ ان دونوں اداروں کی انتظامیہ عوام کے غیض و غضب سے نہیں بچ سکیں گے، انہوں نے کہاکہ اورنگی اور بلدیہ میں پانی کی قلت برقرار ہے ، پیپری، لانڈھی، بن قاسم کے مختلف علاقے بجلی نہ ہونے پر تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ یہ صورتحال تحریک لبیک کیلئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں غریب آبادیوں کا پانی فروخت کیا جارہا ہے۔ حقوق پر کھلا ڈاکہ ہے، انہوں نے کہاکہ پانی اور بجلی کی انتظامیہ سنجیدگی سے عوام کی پریشانیوں کا نوٹس لے اور تمام علاقوں میں یکساں بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے۔