نواز لیگ کا الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر مظاہروں کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ(ن) نے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ مظاہرے الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر ہونگے، تاریخ کا تعین مرکزی قیادت کرے گی۔مسلم لیگ(ن)سندھ کے صدرشاہ محمد شاہ نے کہاکہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن تھا لاڈلے کو جتوانے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گئے دھاندلی38حلقوں میں نہیں بلکہ پورے ملک میں کی گئی۔دھاندلی کا رونا رونے والی جی ڈی اے اور ایم کیوایم بھی لاڈلی ہوگئی۔ مسلم لیگ ہاؤس کارساز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمد شاہ، سینیٹر سلیم ضیا، خواجہ طارق نذیر علی اکبر گجر اور دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کے بعد ہمارا پہلا اجلاس تھا ہم سمجھتے ہیں کہ یہ الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن تھا الیکشن کے تین مرحلے تھے جن میں دھاندلی کی گئی امن وامان کے قیام کے لئے فوج کو تعینات کیا گیا مگر فوج کی جانب سے امن وامان کے بجائے الیکشن کو کنٹرول کیا گیا بعض مقامات پر ہمارے ووٹروں کی پرچیاں اندر کے جانے کی اجازت نہیں دی گئی میڈیا پر قدغن لگائی گئی ضیاء دور سے زیادہ پابندیاں میڈیا پر عائد کی گئیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ دوسرا مرحلہ گنتی کا تھا جس میں ہمارے باکس غائب کئے گئے جی ڈی اے اور ایم کیوایم سمیت تمام جماعتیں دھاندلی کا الزام عائد کررہی ہیں۔ صرف ایک جماعت کے لئے پورا ماحول بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ دھاندلی ہوئی اور اب ایم کیوایم دھاندلی سے فائدہ اٹھانے والی پی ٹی آئی کے پاس گھٹنوں کے بل چل کر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنمائوں پر مشتمل مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں جو احتجاجی مظاہروں کے شیڈول کو حتمی شکل دیں گی۔انہوں نے بتایا کہ کراچی میں علی اکبر گجر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔یہ کمیٹی الیکشن کمیشن کے باہر ریلی اور احتجاج کے پروگرام کو آرگنائز کریگی جبکہ دوسری کمیٹی خواجہ طارق نزیر کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے یہ کمیٹی وائٹ پیپر تیار کریگی۔

Comments (0)
Add Comment